ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : شمس الدین سرکل پر مارپیٹ معاملہ - دو پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش

بھٹکل : شمس الدین سرکل پر مارپیٹ معاملہ - دو پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش

Mon, 27 Jun 2022 13:42:56    S.O. News Service

بھٹکل ،27 ؍ جون (ایس او نیوز) شمس الدین سرکل کے قریب 9 جون کو چند لوگوں کے بیچ ہوئی مارپیٹ کے بعد ضروری کارروائی نہ کرنے کی پاداش میں دو پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ جالی پٹن پنچایت رکن اور کانگریسی لیڈررمیش نائک اس کے بھائی راجیش نائک اور  بی جے پی کارکن ایشور نائک کے بیچ مار پیٹ ہوئی تھی اور اس میں ایشور نائک زخمی ہوا تھا۔ پولیس نے رمیش نائک اور راجیش نائک کے خلاف معاملہ درج کر لیا تھا ۔
    
اس سلسلے میں اب نیا موڑ یہ آیا ہے کہ بھٹکل پولیس اسٹیشن کے افسران نے ملزم رمیش نائک کے متعلق جانکاری رہنے کے باوجود اسے گرفتار نہ کرنے کے الزام میں  اپنے دو ماتحتوں کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش اعلیٰ افسران کو روانہ کی ہے ۔
    
ایشور نائک پر حملہ کے ملزمین کو گرفتار نہ کرنے پر بی جے پی کارکنان اور لیڈر برہم ہوگئے تھے اور ملزمین کے خلاف کڑی کارروائی کی مانگ کرنے لگے تو واقعہ کے تیسرے دن پولیس نے ملزمین کے خلاف کیس میں دفعہ 307 (قتل کی کوشش)  شامل کی اور ملزموں کو گرفتار کرنے کے لئے جال بچھایا ۔ 
    
اس دوران دونوں ملزمین علاج کے لئے  کنداپور کے پرائیویٹ ہاسپٹل میں  داخل ہوگئے ۔ پولیس نے ان دونوں کے ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوتے ہی انہیں گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا اور ان کے باہر نکلنے کے انتظار میں دو پولیس اہلکاروں کو نگرانی پر لگا دیا ۔ پھر راجیش نائک جیسے ہی ڈسچارج ہوا اسے تحویل میں لے کر عدالت میں پیش کیا گیا ۔ جبکہ رمیش پولیس کی طرف سے گرفتاری کے خوف سے اسپتال سے ڈسچارج کے وقت پولیس کو چکمہ دے کر غائب ہوگیا ۔ اس سے مخالف گروپ  مزید مشتعل ہوگیا ۔ اس میں سیاسی دباو بھی شامل ہوگیا ۔ جس سے پولیس افسران کو پریشانی اُٹھانی پڑی ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ اسی پس منظر میں بھٹکل پولیس کے افسران نے اپنے اعلیٰ افسران سے ان دو اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لئے رپورٹ بھیجی ہے جن کی ڈیوٹی ملزمین کی نگرانی کے لئے لگائی گئی تھی ۔


Share: